گلوکار و اداکار عمیر جسوال کی دوسری اہلیہ نبیحہ نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا کسی اور سے موازنہ نہ کریں ، میرے لباس پر تبصرے کرنے سے گریز کریں۔انہوں نے لکھا کہ یہ پہلی اور آخری بار ہے کہ وہ اس بارے میں بات کر رہی ہیں، ان کے شوہر کی صرف ایک بیوی ہے اور وہ خود ہیں۔
نبیحہ عمیر جسوال نے مداحوں سے کہا کہ مہربانی کرکے خود پر قابو پائیں، نظم و ضبط اختیار کریں اور کسی قسم کا موازنہ نہ کریں، جہاں تک بات رہی کہ وہ کیسا لباس پہنیں یا حجاب کریں، یہ کسی کا مسئلہ نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے شوہر کا سب کے ساتھ خوشی بانٹنے کا ہرگز مقصد یہ نہیں تھا کہ لوگ ان پر رائے دے سکتے ہیں۔
واضح رہے گزشتہ دنوں عمیر جسوال نے شادی کے ایک سال بعد اپنی اہلیہ کی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی، تصویر میں ان کی اہلیہ کو اسلامی لباس اور پردے میں دیکھا گیا۔
جہاں کچھ مداحوں نے ان کی اہلیہ کی خوبصورتی اور سادگی کی تعریف کی، وہیں کچھ صارفین نے ان کا موازنہ عمیر جسوال کی سابقہ بیوی ثنا جاوید سے شروع کر دیا، کچھ افراد نے تو یہاں تک قیاس آرائیاں کیں کہ گلوکار نے متعدد شادیاں کی ہوئی ہیں۔