بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) — چین کی نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن (CNSA) نے بدھ کے روز خلائی تحقیق میں ایک اور شاندار کامیابی کا اعلان کیا ہے اور تیان وین-2 مشن کے دوران لی گئی ایک حیرت انگیز تصویر جاری کی ہے۔
یہ تصویر پروب کے روبوٹک بازو پر نصب مانیٹرنگ کیمرے نے کھینچی، جس میں چین کا سرخ پانچ ستاروں والا پرچم اور سفید ریٹرن کیپسول، پس منظر میں جھلملاتی نیلی زمین کے ساتھ نمایاں نظر آ رہے ہیں۔
سی این ایس اے کے مطابق، تیان وین-2 اس وقت زمین سے تقریباً 4 کروڑ 30 لاکھ کلومیٹر اور سیارچے 2016HO3 سے 4 کروڑ 50 لاکھ کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔
خلائی ادارے کا کہنا ہے کہ پروب نے کامیابی کے ساتھ کئی اہم ٹیسٹ مکمل کر لیے ہیں، جن میں سیمپلنگ ڈیوائسز کی تعیناتی اور الیکٹرانک آلات کی سیلف چیکنگ شامل ہے۔ تمام سسٹمز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں جبکہ سائنسی آلات نے خلائی ماحول سے قیمتی ڈیٹا اکٹھا کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ چین نے اپنا پہلا سیارچہ سیمپل ریٹرن مشن تیان وین-2 رواں سال 29 مئی کو لانچ کیا تھا۔ اس کا مقصد سیارچوں کی تشکیل، ارتقاء اور ابتدائی شمسی نظام کے رازوں سے پردہ اٹھانا ہے۔
یہ مشن دس سالہ طویل مہم کے دوران کئی مقاصد حاصل کرے گا، جن میں زمین کے قریب موجود سیارچے 2016HO3 سے نمونے جمع کرنا اور مریخ سے بھی دور واقع مرکزی پٹی کے دمدار ستارے 311P کی کھوج شامل ہے۔