وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے سیاحتی شہر مری کے لیے بڑے ترقیاتی پروجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت سے لوگوں نے خالی اعلانات اور جھوٹے وعدے کیے، اعلانات کرنا آسان ہوتا ہے لیکن کام کرنا مشکل ہوتا ہے، پنجاب میں بدترین سیلاب آیا لیکن ہم دفتر میں نہیں بیٹھے، جو چپ کرکے کام کرتے ہیں ، وہ کام نہیں کرتے، ہم نے بغیر وعدوں کے کام مکمل کیے مری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مری کے اسکولوں کی اپ گریڈیشن ہورہی ہے، مری میں پانی کا بہت بڑا پروجیکٹ لے کر آرہے ہیں، مری کی سینیٹیشن کے لیے بھی بہترین اسکیم لے کر آرہے ہیں، مری کے لیے ٹورازم فورس بنا دی ہے، یہ دنیا کا بہترین سیاحتی مقام ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپریس وے بنائی جہاں سے لاکھوں لوگ جاتے ہیں، مری کے لیے ستھرا پنجاب گلی محلے کی صفائی کررہا ہے، مری کارڈیک سینٹر سے گلیات کے لوگ بھی مستفید ہوں گے، بھوربن میں بھی جدید سہولتوں سے آراستہ اسپتال بنائیں گے، انتظامیہ کوہدایت کی ہے کہ ساملی اسپتال کیلئے 3 بسیں چلائیں۔
مریم نواز نے کہا کہ مری کے لیے 15 بسوں کا آرڈر کردیا ہے، طلبہ ، بزرگوں اور خواتین کے لیے گرین لائن بس مفت ہوگی، مری کے لیے ٹرین چلائیں گے، سیاحوں کو اپنی گاڑیوں میں نہیں آنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کم عرصے میں نوازشریف کارڈیالوجی سینٹر تعمیر کیا، آج کارڈیالوجی سینٹر نے کام شروع کردیا اور 5 لوگوں کی انجیو گرافی ہوئی ہے، میں ان سے مل کر آئی ہوں، چند دنوں میں کارڈیک سرجری بھی شروع کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ڈسٹرکٹ مری تھا لیکن کام کرنے والے افسران پنڈی کے تھے، مری ڈسٹرکٹ بن گیا تھا مگر اسے پنڈی سے چلایا جاتا تھا، اب مری کا پولیس، ہیلتھ، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ الگ ہے، میں نے اعلان بعد میں کیا اور سڑک پہلے بنا دی۔