لاہور: معروف ہدایت کارہ و اداکارہ سنگیتا نے کہا ہے کہ فلم کھلونا کی شوٹنگ کے دوران میرا کو ڈائیلاگز یاد نہیں رہتے تھے، انہیں نقل کروا کر سین مکمل کرایا گیا۔نجی ٹی وی پرو گرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بطور ہدایت کارہ اداکارہ میرا کو ڈیل کرنا میرے لیے مشکل رہا کیونکہ انہیں ڈائیلاگز یاد نہیں ہوتے تھے۔
سنگیتا کے مطابق فلم کھلونا کی شوٹنگ کے دوران ایک سین میں میرا ڈائیلاگ ادا نہیں کر پارہی تھیں، تب میں نے میرا سے کہا کہ مجھے دیکھو اور جیسے میںبول رہی ہوں ویسے ہی نقل کرو، میرا نے ڈائیلاگ بھی دہرائے اور میرے انداز میں ہاتھ گھما کر اور سر پر مار کر بھی وہی حرکات دوہرائیں، یوں سین مکمل ہوا۔
اداکارہ نے بتایا کہ میںنے محض تیرہ سال کی عمر میں پہلی مرتبہ فلم میں اداکاری کی، جب کہ اٹھارہ سال کی عمر میں بطور ہدایت کارہ اپنی پہلی فلم بنائی، کم عمری میں ہی بہت کامیابی حاصل کرلی تھی۔
سنگیتا نے کہا کہ ہمارے وقت کی اداکارائیں کردار میں ڈھل جایا کرتی تھیں، ایک فلم میں سکھ خاتون کا کردار ادا کیا تھا، جس میں انہوں نے کوئی میک اپ نہیں کیا تھا، کئی بار تو منہ دھو کر ساڑھی کے پلو سے صاف بھی کیا، لیکن آج کی اداکارائیں ہر کردار میں زیادہ میک اپ کرتی ہیں، حتی کہ اگر غریب لڑکی کا کردار بھی ہو تو اس پر بھی بھاری میک اپ ہوتا ہے۔
ان کے مطابق کردار کے لحاظ سے قدرتی میک اپ ہونا چاہیے، جو حقیقت سے قریب تر لگے۔