مصری وزیر خارجہ بدر عبد العاطی نے کہا ہے کہ غزہ جنگ کے بعد اس کے نظم و نسق سے متعلق تمام عناصر موجود ہیں، ان پر عمل درآمد جنگ بندی کے بعد ہی ممکن ہو گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیو یارک میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ غزہ میں بعد از جنگ سیکیورٹی کے انتظامات پر واضح لائحہ عمل موجود ہے، اگر کوئی بین الاقوامی فورس تعینات کی جاتی ہے تو یہ اقوام متحدہ کے اختیار اور منظوری کے تحت ہونی چاہیے، اور غزہ میں ایک سول کمیٹی اقتدار سنبھالے گی جو فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ ہم آہنگی سے کام کرے گی۔
بدر عبد العاطی نے مزید کہا کہ مصر بین الاقوامی افواج کی موجودگی کے لیے کھلا رویہ رکھتا ہے لیکن یہ عمل سلامتی کونسل کے فیصلے کے مطابق ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال غیر منصفانہ جنگ کو روکنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس کے بعد ہم سیکیورٹی انتظامات اور غزہ کے نظم و نسق کو دیکھیں گے۔