نیو یارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر عالمی رہنمائوں سے ملاقاتوں میں علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے جی سی سی رکن ممالک کیساتھ متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے گلف کوآپریشن کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدایوی سے ملاقات میں جی سی سی کیساتھ تعلقات کی اہمیت اجاگر کی اور رکن ممالک کیساتھ متعدد شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور ادارہ جاتی روابط کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔
شام کے صدر احمد الشارع سے ملاقات میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور شام کی دوستی کو مزید مضبوط بنائیں گے، شام کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔قبل ازیںکینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر اظہار اطمینان کیا گیا اور تجارت و اقتصادی تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نائب وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ وہ تمام ممالک جنہوں نے فلسطین کو تاحال تسلیم نہیں کیا وہ عالمی قانون کے تحت فلسطین کوریاست تسلیم کریں۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستان ان چند ممالک میں سے ہے جنہوں نے فلسطینی ریاست کو 1988 میں آزادی کے اعلان کے فوری بعد تسلیم کیا تھا، فلسطین ریاست کو تسلیم کیا جانا اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت فلسطینی عوام کا قانونی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا جانا خطے میں منصفانہ، جامع اور دیرپا امن کی جانب قدم ہے۔