اسلام آباد: صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ سیکیورٹی ودفاعی شعبوںمیں پاکستان، سعودی عرب شراکت داری باہمی اعتماد کی آئینہ دار، خطے میں امن واستحکام کی جانب اہم قدم ہے۔
سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف زرداری نے سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اعتماد، خلوص اور اخوت کی بنیاد پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودیہ میں اسلام کے دو مقدس ترین مقامات خانہ کعبہ اور مسجد نبویۖ کی موجودگی کی وجہ سے سعودی عرب کیساتھ ہمارا مضبوط روحانی تعلق ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان شراکت داری نہ صرف ہمارے باہمی اعتماد کی آئینہ دار ہے بلکہ خطے میں امن اور استحکام کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔