کابل(شِنہوا)افغان حکام نے بگرام ایئر بیس کو دوبارہ حاصل کرنے کے لئے امریکی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ کسی بھی غیر ملکی فوجی موجودگی کو دوبارہ قائم کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس کے اول نائب ملا تاج میر جواد نے سٹریٹجک ایئرفیلڈ کو دوبارہ لینے سے متعلق امریکی مطالبات کے جواب میں کہا کہ افغان حکومت موجودہ نظام کا دفاع کرے گی۔افغان وزیر دفاع محمد یعقوب مجاہد نے اسی عزم کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ہمارا جواب یہ ہے کہ اگر آپ نہیں جاتے اور اڈے چاہتے ہیں تو ہم آپ سے مزید 20 سال لڑنے کے لئے تیار ہیں۔افغان وزارت خارجہ کے سیاسی ڈائریکٹر ذاکر جلالی نے امریکہ کی واپسی کے خیال کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ افغانوں نے کبھی بھی اپنی سرزمین پر غیر ملکی افواج کو قبول نہیں کیا اور واشنگٹن کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات میں دوبارہ فوجی قبضے کو شامل نہیں کیا جا سکتا۔بگرام ایئر بیس کابل سے تقریباً 50 کلومیٹر شمال میں واقع ہے اور یہ 2 دہائیوں پر محیط جنگ کے دوران امریکہ اور نیٹو کی کارروائیوں کا مرکز رہا۔
