ہفتہ, ستمبر 20, 2025
ہومLatestاللہ کا خوف اور اچھا نظام اصلاح کا ذریعہ ہیں، حافظ نعیم...

اللہ کا خوف اور اچھا نظام اصلاح کا ذریعہ ہیں، حافظ نعیم الرحمن

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ، اللہ کا خوف ،اچھا نظام چیزوں کو ٹھیک کرتا ہے، اسلام روشنی و عدل کا دین جس میں حق کی بنیاد پر فیصلے کئے جاتے ہیں، امریکہ و اسرائیل فلسطینی تحریکوں کو نسل پرستی سے داغدار کر رہے ہیں۔

کوئٹہ میں تقریب سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمن نے پروفیسر شکیل روشن کو جماعت اسلامی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی لوگوں کو جوڑتی ہے، ہم زبان، قوم، قبیلے اور مسلک کی بنیاد پر نہیں ،تمام صوبوں کے عوام کے حق کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کا نظام اقلیتوں کو سب سے زیادہ تحفظ فراہم کرتا ہے،جماعت اسلامی میں تمام مسالک کے لوگ آسکتے ہیں، ہم تمام مسالک کا احترام کرتے ہوئے سب کو جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام روشنی اور عدل کا دین ہے جس میں حق کی بنیاد پر فیصلے کیے جاتے ہیں، اللہ کا خوف اور اچھا نظام چیزوں کو ٹھیک کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ اور امریکہ میں تحریک شروع ہوئی کہ فلسطینیوں کا ساتھ دینا چاہیے، امریکا اور اسرائیل نے نسل پرستی کی بنیاد پر مظاہرے کرانا شروع کر دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کا مسئلہ ہے ، ہم کچھی کینال، بجلی، گیس سمیت بلوچستان کے دیگر مسائل کا بھی ادراک رکھتے ہیں، مسائل کے حل کیلئے عوام سے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں کو امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی سیاسی، سماجی اور مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت دینے کیلئے اقدامات پر اتفاق رائے کیا گیا، وزیراعلی بلوچستان نے آئی ٹی تربیتی پروگرامز کے انعقاد پر حافظ نعیم الرحمان سے اظہار تشکر کیا جبکہ حافظ نعیم الرحمان نے بلوچستان حکومت کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے آئی ٹی تربیتی پروگرامز کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ معیاری اور مفت تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جب ہم ٹیکس دیتے ہیں تو حکومت کی ذمہ داری ہے ہمیں تعلیم دے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو آئی ٹی پروگرام میں سہولیات فراہم کرے تو برآمدات بڑھیں گی، بنو قابل پروگرام کے تحت ہم مفت کورس کرائیں گے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!