اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ دنیا کو محفوظ بنانے کیلئے ہے، عسکری میدان میں شکست خوردہ، اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار دشمن کھیل کے میدان میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے، عالمی اصولوں کی روگردانی کرنیوالا غاصب مظلومیت کاڈھونگ نہیں رچا سکتا۔
انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عسکری میدان میں شکست کے بعد بھارت اب کھیل کے میدان میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، پاکستان نے بھارت کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، چار روزہ جنگ میں پاکستان نے فتوحات کی نئی داستان رقم کی ہے، بھارت کی بلاجواز جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا جس پر دشمن نے جنگ بندی کی درخواست کی۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اور ہندوتوا نظریئے کو عبرتناک شکست ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں پائیدار امن کیلئے ہمیشہ موثر کردار ادا کیا ہے جبکہ بھارت ایک غاصب اور جارح ملک ہے جو مظلوم بننے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام جیسے واقعات کی حقیقت دنیا کے سامنے آشکار ہو چکی ہے، پہلگام واقعے پرپاکستان نے آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہماری دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف اپنے لئے نہیں بلکہ دنیا کو محفوظ بنانے کیلئے ہے،بین الاقوامی اصولوں سے روگردانی کرنے والا بھارت مظلومیت کا ڈھونگ نہیں رچا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے،یہاں کے لوگ اس تہذیب کا حصہ ہیں جہاں روایات کو اہمیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں،حق خود ارادیت کے حصول تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ کرکٹ کے میدان میں ہاتھ نہ ملانے کا مقصد شرمندگی اور خفت مٹانے کا طریقہ ہے،جو قومیں اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار ہوتی ہیں وہ سپورٹس میں سیاست کو لے آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں سپورٹس مین اسپرٹ زندہ رہنی چاہئے، میچ ریفری کو صرف ریفری کے طور پر ایکٹ کرنا چاہئے تھاایسا وہ لوگ کرتے ہیں جن کی کوئی اخلاقیات ہوتی ہیں نہ کوئی عزت ،ہم عزت دار لوگ ہیں، ہم جنگ جیتے ہیں، ہم کھیل کے میدان میں بھی یقین رکھتے ہیں۔