کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ہم سب دہشتگردی کا شکار ہیں، کیا ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لیڈ نہ لیں، پارلیمنٹ کی قیادت کے بغیر ہم جنگ نہیں جیت سکتے، ہمارا منشور دہشتگردی کو روکنا ہے، ہم دہشتگردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کا قانون عام عوام پر لاگو نہیں ہوگا، دہشتگردی کے واقعات سے نمٹنے کے لئے خصوصی انتظامات کرنے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2016 میں وکلا کا قتل ہوا، 2016 واقعے کا ماسٹر مائنڈ سعید بادینی گرفتار ہوا، سعید بادینی کا بروقت ٹرائل نہیں کیا گیا، لاشیں اٹھانے والوں سے تکلیف کا پوچھیں، دہشتگردی کے خلاف کوئی گواہی دینے کے لئے تیار نہیں۔
انہوںنے کہا مولانا ہدایت الرحمان کے علاقے میں مزدوروں کو بے دردی سے قتل کیا گیا، فرانس میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد ایک دن میں قانون تبدیل ہوا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں، جو شخص گرفتار ہوگا اس کے اہل خانہ کو اسی وقت اطلاع دی جائے گی، لاپتہ افراد کا مسئلہ ہمیشہ کے لئے ختم کریں گے۔