منگل, ستمبر 9, 2025
ہومLatestافغانستان کے متاثرین زلزلہ کے لئے چین کا پہلا امدادی قافلہ کابل...

افغانستان کے متاثرین زلزلہ کے لئے چین کا پہلا امدادی قافلہ کابل پہنچ گیا

کابل(شِنہوا)افغانستان کے متاثرین زلزلہ کے لئے چینی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ امدادی سامان کا پہلا قافلہ کابل پہنچ گیا۔

یہ سامان چینی پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے 2 وائی۔20 طیاروں میں روانہ کیا گیا تھا، جس میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لئے خیمے، کمبل اور فوری ضرورت کی دیگر اشیاء شامل تھیں۔

امداد کی حوالگی کی تقریب میں افغانستان میں چینی سفارتخانے کے ناظم الامور باؤ شو ہوئی، افغان وزارت دیہی بحالی و ترقی کے نائب وزیر شرف الدین مسلم، افغان وزارت خارجہ، آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے اور ہلال احمر سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

چینی سفارتخانے کے ناظم الامور نے کہا کہ افغانستان کے صوبہ کنڑ اور دیگر علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے سے انسانی جانوں اور املاک کو نمایاں نقصان پہنچا ہے۔ چینی حکومت نے فوری طور پر افغانستان کو انسانی ہمدردی کے تحت ہنگامی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا، جو افغان حکومت اور عوام کے لئے چینی حکومت اور عوام کی دوستی کا مظہر ہے۔

باؤ شو ہوئی  نے کہا کہ افغان حکومت کی قیادت میں متاثرہ علاقوں کے لوگ یقینی طور پر مشکلات پر قابو پا کر جلد از جلد اپنے گھر دوبارہ تعمیر کریں گے۔

اس موقع پر اففانستان کے نائب وزیر شرف الدین مسلم نے کہا کہ چینی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ہنگامی امداد کا پہلا قافلہ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کے لئے بہت بڑا سہارا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان رہنماؤں نے چین کے اظہار افسوس کے پرخلوص پیغامات اور گراں قدر حمایت کی قدر کی ہے اور افغانستان چینی عوام کی افغان عوام کے ساتھ دوستی کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!