لاہور: وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہاہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی قیادت کا وژن، ہمدردی و بصیرت مسلم امہ کو وحدت اور ترقی کی طرف لے جا رہی ہے، پنجاب میں شدید سیلاب کے دوران سعودی عرب کی بروقت امداد حقیقی بھائی چارے کی علامت ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے امدادی سامان پنجاب حکومت کے حوالے کرنے کے موقع پر وزیراعلی مریم نواز نے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات، سیلاب متاثرین کی امداد، اقتصادی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت کا وژن، ہمدردی اور بصیرت مسلم امہ کو وحدت اور ترقی کی طرف لے جا رہی ہے، پنجاب میں شدید سیلاب کے دوران سعودی عرب کی بروقت امداد حقیقی بھائی چارے کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے 10ہزار فوڈ پیکیجز اور 10ہزار شیلٹر/کیمپ کی فراہمی پر شکر گزار ہیں، سعودی تعاون ہمیشہ متاثرہ خاندانوں کیلئے ریلیف اور یکجہتی کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا، سیلابی صورتحال نے پھر سے ثابت کیا کہ پاک سعودی تعلقات سٹریٹجک نہیں بلکہ حقیقی اخوت و بھائی چارے پر استوار ہیں۔