بیروت: لبنانی حکومت نے ہتھیاروں کے کنٹرول کے لیے وقت کا تعین کرنے کا اختیار فوج کو دیدیا ، فوج کا سربراہ اس حوالے سے حکومت کو باقاعدگی سے رپورٹ پیش کرے گا۔
عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لبنان کے وزیر زراعت نزار ہانی نے کہا ہے کہ حکومت نے فوج کی ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے کی منصوبہ بندی کی مکمل حمایت اور تائید کی ہے جبکہ شیعہ اتحاد سے تعلق رکھنے والے وزرا نے اس موضوع پر مزید بحث کے لیے وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ہانی نے زور دیا کہ اسرائیل کو جنوبی لبنان کی پانچ متنازعہ مقامات سے پیچھے ہٹنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی تجویز اسرائیل پر بھی ذمہ داریاں عائد کرتی ہے۔
واضح رہے رواں برس اگست کے آغاز میں لبنانی حکومت نے سال کے آخر تک حزب اللہ کے ہتھیار جمع کرنے کے لیے فوج کو ایک منصوبہ بنانے کی ہدایت دی تھی۔
یہ اقدام امریکی دبا اور اس خدشے کے تحت سامنے آیا کہ اسرائیل ایک سال طویل جنگ کے بعد دوبارہ عسکری کارروائی شروع کر سکتا ہے۔