بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومChinaچین-روس تعلقات بڑی طاقتوں کے تعلقات کی مثال ہیں، چینی صدر

چین-روس تعلقات بڑی طاقتوں کے تعلقات کی مثال ہیں، چینی صدر

بیجنگ(شِنہوا)چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور روس کے تعلقات بڑی طاقتوں کے درمیان تعلقات کی ایک مثال بن چکے ہیں، جن کی خصوصیات دائمی اچھے ہمسایہ تعلقات، ہمہ جہت تزویراتی ہم آہنگی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون ہیں۔

صدر شی جن پھنگ نے یہ بات بیجنگ میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ بات چیت کے دوران کہی، جو اس وقت چین میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس 2025 اور جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمت و فسطائیت کے خلاف عالمی جنگ میں فتح کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے موجود ہیں۔

چینی صدر نے کہا کہ چین روس کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے، ایک دوسرے کی ترقی اور قومی احیا کی حمایت کرنے، دونوں ممالک کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق معاملات پر بروقت ہم آہنگی پیدا کرنے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید ترقی دینے کے لئے تیار ہے۔

صدر شی نے کہا کہ دونوں ممالک کو بڑے منصوبوں کو بنیاد بنا کر اپنے تعاون کو آگے بڑھانا چاہیے، مثالی تعاون کے منصوبے تیار کریں، باہمی مفادات کو  فروغ دیں اور تعاون میں لچک، ہم آہنگی اور اعتماد کو بڑھاتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کریں۔

صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہان کا دوسری عالمی جنگ میں فسطائیت پر فتح کی یادگار تقریبات میں شرکت کرنا نہ صرف بطور فاتح ممالک بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان ہونے کے ناطے ان کی ذمہ داری کا مظہر ہے۔ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ وہ دوسری عالمی جنگ کے نتائج کے تحفظ اور درست تاریخی موقف کو برقرار رکھنے کے لئے پُرعزم ہیں۔

چینی صدر نے گلوبل گورننس انیشی ایٹو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ہم خیال ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں کا بھرپور دفاع کرنا اور زیادہ منصفانہ و مساوی  نظم ونسق کے عالمی نظام کی تعمیر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور روس کو اقوام متحدہ، شنگھائی تعاون تنظیم، برکس اور جی 20 سمیت کثیرجہتی پلیٹ فارمز پر آپس میں قریبی تعاون مزید مضبوط بنانا چاہیے اور مل کر ایک ایسا عالمی معاشرہ بنانا چاہیے جہاں سب انسانوں کا مشترکہ مستقبل ہو۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!