بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومLatestبھارتی بالر جسپریت بمرا دنیا کے بہترین بالرز میں سے ایک ہیں،...

بھارتی بالر جسپریت بمرا دنیا کے بہترین بالرز میں سے ایک ہیں، وسیم اکرم

لاہور: سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ہر دور کی کرکٹ مختلف ہے، نوے کی دہائی کے بالرز کا آج کے بالرز سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، 90 کی دہائی میں پاکستان نے بھارت کے خلاف کئی میچز میں فتوحات حاصل کیں، جب کہ اب ایسا بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے۔

ایک ٹی وی پرو گرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب پاکستان شکست سے دوچار ہوتا ہے تو دل افسردہ ہو جاتا ہے، زیادہ تکلیف اس وقت ہوتی ہے جب کمنٹری پینل میں موجود بھارتی ماہرین پاکستان کی شکست پر خوشی مناتے ہیں، لیکن وہ اپنی خوشی کو دباکر ظاہر کرتے ہیں جو زیادہ تکلیف دہ محسوس ہوتا ہے۔ وسیم اکرم کے مطابق کمنٹری کے دوران یہ ظاہر نہیں کیا جاتا کہ دل میں کیا محسوس کیا جارہا ہے، لیکن یہ فطری ہے کہ اپنی ٹیم کی فتح پر خوشی اور شکست پر افسردگی ہوتی ہے۔

بھارتی بالر جسپریت بمرا سے متعلق سوال پر وسیم اکرم نے کہا کہ وہ دنیا کے بہترین بالرز میں سے ایک ہیں، اس میں کوئی شک نہیں، ان کا ایک منفرد ایکشن ہے اور رفتار بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 90 کی دہائی کے بالرز کا آج کے بالرز سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، وہ لیفٹ آرم بالر تھے جب کہ بمرا رائٹ آرم بالر ہیں، اس کا ایکشن، رفتار اور ورائٹی سب کچھ منفرد ہے وہ اپنی ٹیم کے لیے میچ ونر بالربن چکا ہے، بمرا کے پاس نہ صرف پیس ہے بلکہ وہ گیند کو دونوں طرف سوئنگ اور موو بھی کرسکتا ہے جس کی بدولت وہ دنیا کے بہترین بالرز میں شمار ہوتا ہے، اس بات کو سب کو ماننا ہوگا کہ وہ آج کے دور کا بہترین فاسٹ بالر ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے اور بمرا کے حوالے سے ہونے والے مباحثوں پر بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ یہ سب بالکل ایسے ہے جیسے بے گانی شادی میں عبداللہ دیوانہ، نہ انہیں اس سے کوئی فرق پڑتا ہے اور نہ بمرا کو، لیکن لوگ بلاوجہ ان موضوعات پر لڑتے رہتے ہیں۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں ناکامی کی ذمہ داری صرف کھلاڑیوں پر نہیں ڈالی جاسکتی بلکہ یہ مکمل طور پر ٹیم ورک ہے، جس میں منیجمنٹ سمیت ہر چیز کا باریک بینی سے جائزہ لیا جاتا ہے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ نے کھیل کو بالکل بدل دیا ہے، اب کھلاڑیوں کے کھیلنے کا انداز بھی کافی تبدیل ہوگیا ہے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!