اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے 10ماہ میں دریا ئوں کے کناروں سے غیر منظم تعمیرات ہٹانے کا حکم دے دیا۔
جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نے 10 ماہ میں دریائوں کے کناروں سے غیر منظم تعمیرات ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی پانی کے راستوں میں رکاوٹ بننے والی تمام تجاوزات خواہ وہ عمارتیں ہوں یا آبادیاں کو صوبوں کے تعاون سے مقررہ مدت میں ختم کیا جائے گا۔
انہوںنے بتایا کہ اس ڈیڈ لائن میں کوئی توسیع نہیں کی جائیگی ، جلد اقدامات پر کام نظر آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے عالمی اور مقامی دونوں اقدامات ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلی میٹری سسٹم کی نہ صرف منظوری ہو چکی ہے بلکہ اس پر عمل درآمد بھی جاری ہے، جس کی تکمیل اگلے سال متوقع ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ یہ نظام ملک میں پانی کے ہر قطرے کی شفاف نگرانی یقینی بنائے گا۔