لاہور: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مایا علی نے محبت میں دل ٹوٹنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ محبت کا ہونا مشکل نہیں ہے، محبت کو نبھانا مشکل ہے،میں نے کوشش کی تھی کہ محبت کو نبھاسکوں۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے 36 سالہ اداکارہ نے شادی میں تاخیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شادی تو اللہ کا فیصلہ ہے جس دن ہونی ہے اس دن تو ہونی ہے، اگر اس میں دیر ہو رہی ہے تو لوگ یہ کیونکہ نہیں سمجھ لیتے کہ یہ بھی اللہ کا ہی فیصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شادی کے معاملے میں لوگوں کے دبا ومیں نہیں آسکتی، شادی ایک بہت بڑا فیصلہ ہے، یہ صرف دو لوگوں کے درمیان کی بات نہیں دو خاندانوں کی بات ہے۔
شادی کے لیے ضروری ہے کہ جس انسان سے شادی کر رہے ہیں اس سے کنیکشن ہو، جس دن مجھے کوئی ایسا مل گیا جس سے وہ خاص کنیکشن جڑ گیا تو شادی کرلوں گی۔
اداکارہ نے کہا میں صرف اس لیے شادی نہیں کروں گی کیونکہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ کرلو یا عمر نکل رہی ہے بلکہ جب کوئی ایسا مل جائے گا جس سے مجھے لگے گا کہ اس شخص سے شادی کرنی چاہیے تو کرلوں گی۔