جمعہ, اگست 29, 2025
ہومLatestمحسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر کی ملاقات

محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر کی ملاقات

اسلام آباد: پاکستان اور امریکہ نے بارڈر سکیورٹی، انسداد منشیات، کوسٹ گارڈز اور فارنزک شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

جمعہ کو قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ میجر جنرل نور ولی خان بھی موجود تھے۔ دونوں رہنمائوں نے پاک امریکہ مشترکہ امور، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں پاکستان کو امریکہ میں مطلوب شہریوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی جبکہ بارڈر سکیورٹی، انسداد منشیات، کوسٹ گارڈز اور فارنزک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں تیل کے ذخائر بڑھانے کیلئے مشترکہ کوششوں کا بیان خوش آئند ہے، امریکی سرمایہ کار پاکستان میں تیل سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ،حکومت انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

اس موقع پر قائم مقام امریکی سفیر نے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں سیلاب سے ہونیوالے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین سے ہمدردی ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان کیساتھ تعاون کے نئے مواقع کی تلاش جاری ہے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!