لاہور: اداکارہ نادیہ حسین نے کہا ہے کہ ایک مشہور شخصیت ہونے کے ناطے ہانیہ عامر کی بائیک ویڈیو نوجوانوں کے لیے غلط پیغام تھا، ان کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، اگر وہ کسی دوسرے ملک میں ایسا کرتیں تو انہیں جرمانہ ادا کرنا پڑتا، لیکن پاکستان میں ایسا کوئی قانون لاگو نہیں ہوا۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس قسم کی ویڈیوز نوجوانوں کے لیے غلط پیغام کا ذریعہ بنتی ہیں اور ہمارے ملک میں جہاں پہلے ہی قانون کی پابندی نہ ہونے کے برابر ہے، وہاں یہ رویہ مزید بگاڑ پیدا کرسکتا ہے۔
گلوکار حسن رحیم کی شادی پر ہونے والی تنقید پر نادیہ حسین نے کہا کہ حسن اور ان کی اہلیہ خوش ہیں تو دوسروں کو ان کی خوشیوں میں مداخلت یا انہیں خراب کرنے کا کوئی حق نہیں۔
انہوں نے سراہا کہ حسن رحیم نے ایک نامور شخصیت ہونے کے باوجود فربہ جسم والی لڑکی سے شادی کرکے یہ ثابت کیا کہ محبت میں ظاہری شخصیت کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ ان کے مطابق کچھ تصاویر کے زاویے کی وجہ سے حسن کی اہلیہ فربہ دکھائی دیتی ہیں، ورنہ وہ بہت پیاری ہیں۔
بارش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نادیہ حسین نے کہا کہ جب بارش شروع ہوتی ہے تو خوشی محسوس ہوتی ہے، لیکن جب اسی بارش کی وجہ سے شہر اور ملک میں تباہی دیکھنے کو ملتی ہے تو خوشی افسوس میں بدل جاتی ہے۔
کزنز کے درمیان شادی کے معاملے پر نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی برائی نہیں، لیکن نسل در نسل ایسا کرنا جینیاتی مسائل پیدا کرسکتا ہے، جس کا اثر اولاد پر پڑتا ہے۔