لاہور: سیلابی صورتحال کے پیش نظر لاہور، قصور اور سیالکوٹ میں فوج کو طلب کر لیا گیا۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق شدید بارشوں سے سیلاب کے باعث دریائے چناب میں رسول نگر کے قریب بند میں شگاف پڑ گیا جسے باندھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ مقامی لوگوں کیساتھ مل کر کوششیں کررہی ہے۔
ہیڈ خانکی روڈ پر برج چیمہ کے قریب دریائے چناب اوور فلو ہو گیا، پانی دریا کے کناروں سے نکل کر ہیڈ خانکی روڈ سے دوسری طرف بہنے لگا ہے جس سے متعدد دیہات کا آپس میں رابطہ منقطع ہوگیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کوٹ مومن میں دریائے چناب سے 7لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا خدشہ ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ دریائے چناب میں ریلے کے باعث کوٹ مومن کے 41 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے بتایا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہمی کیلئے3ریلیف کیمپس فعال کر دیئے گئے ہیں جبکہ دریا میں سیلابی صورتحال پر پاک فوج کو امدادی کارروائیوں کیلئے طلب کر لیا گیا ہے۔
ادھر بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے،ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہنگامی بنیادوں پر انخلا کے اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، دریائے ستلج کے اطراف کے علاقوں کو خالی کرنے کے احکامات جاری کر دیا گیا ہے۔
دریائے سندھ میں تونسہ بیراج پر بھی پانی کے بہاؤ میں اتار چڑھا جاری ہے۔محکمہ آبپاشی کے مطابق تونسہ بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 4لاکھ 45ہزار 197کیوسک جبکہ پانی کا اخراج 3لاکھ 27ہزار 697کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا ہے کہ دریائے راوی میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ موجود ہے، ممکنہ سیلاب کے پیش نظر نشیبی علاقوں کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن نے ہیڈ سد ھنائی کیلئے سیلابی وارننگ جاری کر دی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، دریائے چناب، راوی، ستلج اور ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 7لاکھ 69ہزار اور اخراج 7لاکھ 62ہزار کیوسک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2لاکھ 29ہزار کیوسک ہے۔
دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام اور بلوکی ہیڈورکس پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پر پانی کی آمد 79ہزار کیوسک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے،وہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ کیوسک ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے،گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2لاکھ 45ہزار کیوسک ہے۔
حکام کے مطابق سیلابی صورتحال کے پیش نظر لاہور، قصور اور سیالکوٹ میں فوج کو طلب کر لیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ضلع قصور کے علاقے گنڈا سنگھ والا کے گردونواح میں رینجرز کے جوانوں نے سیلاب میں گھرے 6890افراد اور 1024مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے ۔