غزہ(شِنہوا)فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں جان بوجھ کر قحط پیدا کر رہا ہے۔ بین الاقوامی مبصرین نے بھی تصدیق کی ہے کہ غزہ کی پٹی میں قحط کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔
یو این آر ڈبلیو اے کے کمشنر جنرل فلپ لزارینی نےایکس پر لکھا کہ کئی ماہ سے جاری انتباہات کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ اب غزہ شہر میں قحط کی تصدیق ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بحران "سوچی سمجھی منصوبہ بندی کا نتیجہ اور انسانی ساختہ ہے”۔ انہوں نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی امداد سمیت مہینوں سے خوراک اور بنیادی ضروریات کی ترسیل کو روک رہا ہے۔
لزارینی نے کہا کہ قحط کے پھیلاؤ کو اب بھی روکا جا سکتا ہے بشرطیکہ فوری جنگ بندی ہو اور انسانی امداد تک بلا رکاوٹ رسائی دی جائے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک بھوک اور غذائی قلت کے باعث 273 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 112 بچے بھی شامل ہیں۔
