اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار دورہ لندن کے دوران اہم شخصیات سے ملاقات اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیاہے کہ نائب وزیراعظم 17سے 19اگست تک برطانیہ کا سرکاری دورہ کریں گے، جہاں وہ برطانوی ڈپٹی وزیراعظم انجیلا رینر اور پارلیمنٹری انڈر سیکریٹری حمیش فالکونر سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار کی دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل شیرلی آیوکر بوچوے سے بھی ناشتے پر ملاقات ہوگی جبکہ وہ برطانوی اراکین پارلیمنٹ، کشمیری رہنمائوں اور برٹش پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملیں گے۔
ترجمان کے مطابق دورے کے دوران نائب وزیراعظم پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے منصوبے کا افتتاح کریں گے جو برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو لینڈ ڈاکومنٹیشن کے مسائل حل کرنے میں مدد دے گا۔