اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں پولیس تھانوں، چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔
جاری بیان میں وزیراعظم نے 3دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر خیبرپختونخوا پولیس محکمہ انسداد دہشت گردی کی تعریف کی اور دہشت گردی واقعات میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے شہداء کیلئے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاء کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔