اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کیساتھ سیاسی ، اقتصادی و ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے گزشتہ سال دسمبر میں ڈی ایٹ سربراہی اجلاس میں بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کیساتھ اپنی ملاقات اور نتیجہ خیز بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کیلئے رفتار برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ تجارت اور عوام کے درمیان روابط بڑھانے کا خواہاں ہے۔اس موقع پر بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے وزیراعظم نے سفر، تجارت اور روابط کو آسان بنانے کیلئے دونوں ممالک کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوستی کے تاریخی بندھن کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اقدامات جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ہائی کمشنر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔