بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین شہریوں کو نقصان پہنچانے والی تمام کارروائیوں کی مخالفت اور صحافیوں کو نشانہ بنانے والے پرتشدد حملوں کی شدید مذمت کر تا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لِن جیان نے یہ بات ایک صحافی کے اس سوال کے جواب میں کہی کہ اسرائیل نے ایک فضائی حملے میں الجزیرہ کے 5صحافیوں کو شہید کر دیا ہے۔ اس حملے کے بعد اسرائیل کے وسیع پیمانے پر فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے اب تک جاں بحق ہونے والے صحافیوں کی تعداد 237 ہو چکی ہے۔
ترجمان لِن جیان نے کہا کہ ہم ان صحافیوں کے لئے سوگوار ہیں جنہوں نے اس تنازع میں المناک طور پراپنی جانیں گنوائیں۔
ترجمان نے کہا کہ چین نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں اپنی فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے، انسانی امداد کی مکمل بحالی کو یقینی بنائے، بڑے پیمانے پر انسانی بحران سے گریز کرے اور حالات کو جلد معمول پر لائے۔
