پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے چہلم امام حسین کے موقع پر13اضلاع میں 7روز کیلئے دفعہ 144نافذ کر دی ۔جاری اعلامئے کے مطاق دفعہ 144 کا نفاذ پشاور، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، نوشہرہ، کرم، مردان اور لکی مروت میں کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، وال چاکنگ، اشتعال انگیز تقریروں ،چہلم جلوسوں کی گزرگاہوں پر چھتوں پر موجودگی ،افغان باشندوں کی عوامی مقامات پر نقل و حرکت ، اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، لائوڈ سپیکر اور آتشبازی پر پابندی ہوگی۔
اعلامئے کے مطابق 13اضلاع میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ محدود کر دیا گیا جبکہ شہریوں سے حکومتی احکامات پر سختی سے عمل کی اپیل کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔