بغداد: عراق میں واٹر ٹریٹمنٹ اسٹیشن سے کلورین گیس کے اخراج کے باعث سانس لینے میں تکلیف پر 600 سے زائد زائرین کی حالت غیر ہوگئی۔ عراقی حکام کے مطابق یہ واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وسطی اور جنوبی عراق میں نجف اور کربلا کے درمیانی راستے پر پیش آیا۔
عراق کی وزارت صحت نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ کلورین گیس کے اخراج کے بعد دم گھٹنے کے 621 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ تمام مریضوں کو ضروری طبی امداد فراہم کر دی گئی اور وہ صحت یاب ہو کر ہسپتال سے جا چکے ہیں۔
زائرین کی حفاظت پر مامور سکیورٹی فورسز نے بتایا کہ یہ واقعہ کربلا-نجف روڈ پر واقع ایک واٹر اسٹیشن سے کلورین کے اخراج کے باعث پیش آیا۔