اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سمجھوتے کا لفظ پی ٹی آئی کی ڈکشنری میں نہیں، کروڑوں روپے ٹھکرانے والے ارکان پر فخر ہے، ہم بانی پی ٹی آئی کیساتھ ہیں، تھے اور رہیں گے، ہمارا راستہ مقدمات ختم ،مراعات لینے والوں سے الگ ہے۔
پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے ایک ایک رکن پر50،50مقدمات ہیں، ہم تو پہلے ہی قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ، وزارت اور مقدمات ختم کرنے کی پیشکش کی جاتی ہے تو دوسری طرف مقدمات اور مصیبتیں ہیں، ارکان بھی دربدر ہیں۔
انہوںنے کہا کہ ہمارے ارکان کو کروڑوں کی پیشکش ہوئی جو انہوں نے ٹھکرا دی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارے زیادہ تر کارکن کرائے کے گھروں میں رہ رہے ہیں، ان کے بچے، گھر، کاروبار سب متاثر ہوئے لیکن پھر بھی وہ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمپرومائزڈ کا لفظ ہماری ڈکشنری میں نہیں،ہمیں اپنے ارکان پر فخر ہے، ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، تھے اور رہیں گے، مقدمات ختم کرانے اور مراعات لینے والوں سے ہمارا راستہ الگ ہے۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات بارے پہلے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ بات کریں گے، ہم اس پارلیمنٹ کا حصہ رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا 5اگست کا احتجاج موثر اور کامیاب تھا، ملک میں ہر ضلع میں لوگ بابر نکلے اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بونیر، صوابی اور مالاکنڈ سمیت مختلف حلقوں میں ارکان کی ڈیوٹیاں لگی تھیں، ارکانِ پارلیمنٹ کی جہاں ذمہ داریاں ہوں گی وہ ضرور پوری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن چوری کرنے باوجود ہم نے ہار نہیں مانی ، ہم نے آسان آپشنزکو رد کر کے مشکل کا راستہ چنا۔