لاہور: اداکارہ درفشاں سلیم نے کہا ہے کہ ہمارے گھر کا ماحول بہت مثبت تھا ، مجھے کبھی بھی کسی نے نہ جسامت پر ٹوکا اور نہ ہی لباس پر اعتراض کیا، فٹنس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ انسان دبلا ہو، وہ اپنی اصل شخصیت اور قدرتی ساخت کے ساتھ خوش ہیں اور کبھی خود کو بدلنے کا نہیں سوچا۔
ایک انٹرویو میں انہوںنے کہا کہ ہمارے ملک کی زیادہ تر خواتین کی جسمانی ساخت بھی ایسی ہی ہے اور وہ چاہتی تھیں کہ لوگ انہیں دیکھ کر ان کے کردار سے جڑیں اور ایسا ہوتا بھی ہے۔
درفشاں سلیم نے بتایا کہ اکثر خواتین ان کی شخصیت سے متاثر ہو کر ان کے پاس آتی ہیں اور کہتی ہیں کہ آپ اداکارہ نہیں لگتیں، بلکہ بالکل ہماری جیسی لگتی ہیں اور یہی ان کی کامیابی ہے کہ لوگ خود کو ان سے منسلک محسوس کریں۔
درفشاں سلیم نے کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ فٹ ہونے کا مطلب دبلا پتلا ہونا نہیں ہے، بلکہ صرف صحت مند رہنا کافی ہے، ان کی جسمانی ساخت قدرتی طور پر بھاری ہے اور وہ ساری زندگی ایسی ہی رہیں گی، کیونکہ وہ اپنے وزن میں بار بار اتار چڑھا برداشت نہیں کر سکتیں۔