لاہور: پاکستانی کرکٹرز محمد عامر اور عماد وسیم کے دی ہنڈرڈ 2025 سیزن کے لیے ناردرن سپرچارجرز کے ساتھ معاہدے طے پا گئے، دونوں پاکستانی کرکٹرز کو بین ڈورشوئس اور مچل سینٹنر کی جگہ بطور متبادل کھلاڑی شامل کیا گیا ہے۔
عامر اور عماد کی شمولیت سے سپرچارجرز کی ٹیم مضبوط ہو گئی ہے جس میں انگلینڈ کے آل راونڈر بین سٹوکس بھی شامل ہیں حالانکہ سٹوکس نے کندھے کی سرجری کے باعث اس سیزن میں دی ہنڈرڈ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل یہ خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے کہ ٹورنامنٹ میں شامل بیشتر ٹیموں کے مالکان بھارتی ہونے کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو لیگ سے باہر رکھا جائے گا۔ ناردرن سپرچارجرز یکم اکتوبر سے بھارتی میڈیا گروپ سن کے زیرانتظام آجائیں گے جس کے باعث پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت پر سوالات اٹھے تھے۔
سال کے آغاز میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ مارچ میں ہونے والے ڈرافٹ میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا انتخاب نہیں کیا گیا جو کہ پچھلے سیزنز کے مقابلے میں حیران کن تھا۔تاہم انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی)نے ان خدشات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی تھی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ سے باہر نہیں رکھا جائے گا۔