پیر, اگست 4, 2025
ہومLatestوزیراعظم کا گلگت میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے 4...

وزیراعظم کا گلگت میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے 4 ارب روپے کی امداد کا اعلان

گلگت: وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 4 ارب روپے کی فوری امداد کا اعلان کرتے ہوئے دیگر نقصانات کی مکمل تفصیلات سامنے لانے کے لیے متعلقہ وفاقی اداروں کو بھی ہدایات جاری کر دیں اور کہا کہ گلگت بلتستان میں دانش اسکول کا جلد قیام عمل میں لایا جائے گا، سولر پارک کے منصوبے کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں اور یہ منصوبہ جلد مکمل کیا جائے گا۔

ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق وزیراعظم کو دورہ گلگت بلتستان کے دوران علاقے میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے حالیہ سیلاب سے جاں بحق اور زخمی افراد کے لواحقین میں مالی امدادی چیکس تقسیم کیے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے، جب کہ زخمیوں کو 5 لاکھ روپے کے چیکس فراہم کیے گئے، دورے کے دوران وزیراعظم سے گورنر گلگت بلتستان اور وزیراعلی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا شمار ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے پہلے 10 ملکوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2022 میں بھی بارشوں اور سیلاب نے بڑی تباہی مچائی تھی اور اب ہر سال موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر بڑھتا جا رہا ہے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دیگر صوبوں میں بھی ان تبدیلیوں کے باعث صورتحال بدل رہی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کو ہدایات دی گئی ہیں۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا، ساتھ ہی انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ایک اہم قومی ادارہ قرار دیتے ہوئے اس کے کردار کو سراہا۔انہوںنے 100 میگاواٹ کے سولر بجلی منصوبے کو جلد ایکنک سے منظور کرانے کی یقین دہانی کرائی اور گلگت بلتستان میں قائم ہونے والے دانش اسکولوں کی سنگِ بنیاد کی تقریب میں دوبارہ شرکت کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث جانی و مالی نقصانات پر گہرا افسوس ہے۔

وزیراعظم کے مطابق، وفاقی ادارے گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ عالمی سطح پر کاربن گیسز کے اخراج میں پاکستان کا حصہ انتہائی کم ہے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سوست ڈرائی پورٹ پر تاجروں کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے مقامی تاجروں کو ہر ممکن سہولت دینے اور اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔

ایمان شاہ نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے اربوں روپے کی لاگت سے نصب ارلی وارننگ سسٹم میں مبینہ بے قاعدگیوں کی تحقیقات کے لیے مصداق ملک اور متعلقہ وفاقی سیکرٹری کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!