لاہور: اداکارہ درفشاں سلیم نے کہا ہے کہ بلال عباس سے خفیہ نکاح کی افواہیں بے بنیاد ہیں، اگر ایسا کچھ ہوتا تو تصاویر ضرور سامنے آ جاتیں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بلال عباس اور ان کے درمیان بہت اچھا کمفرٹ لیول تھا، شوٹنگ کے دوران ہم بہت ہنستے تھے کیونکہ ہم دونوں ہی چھوٹی چھوٹی باتوں پر ہنس پڑتے ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ وہ اس بارے میں بات نہ کر کے ہی جواب دیتی ہیں، کوئی بھی بات تبھی عجیب لگتی ہے جب آپ اسے خود عجیب بننے دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شادی ایک ایسا معاملہ ہے جو چاہے جتنا بھی ذاتی کیوں نہ ہو، لیکن اگر ایسا کچھ ہو رہا ہو تو لوگ اس کی تصاویر فورا شیئر کر دیتے ہیں تو بھلا کوئی اپنے اتنے اہم موقع کی تصویروں کو پوسٹ کرنے میں دیر کیوں کرے گا؟ درفشاں سلیم کے مطابق ہمارے ملک میں بھی بھارت کی طرز کی صحافت کی جا رہی ہے، وہ بھی بغیر کسی تصدیق کے کچھ بھی پوسٹ کر دیتے ہیں اور اب ہمارے یہاں پر بھی کچھ اس قسم کی صحافت ہو رہی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں اس انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے تقریبا پانچ سال ہو گئے ہیں اور یہ کوئی اتنا طویل عرصہ نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود بھی لوگ ان سے پیار کرتے ہیں، جس پر وہ خود کو خوش قسمت تصور کرتی ہیں اور کبھی کبھار لوگوں کے اتنے پیار سے انہیں ڈر بھی لگتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی اتنی محبت کے بعد ان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ اب وہ اگلا پراجیکٹ کون سا کریں تاکہ وہ لوگوں کو اپنے کام سے مایوس نہ کریں۔ یاد رہے گزشتہ سال یوٹیوبر ماریہ علی نے دعوی کیا تھا کہ درفشاں سلیم اور بلال عباس خان خفیہ طور پر نکاح کر چکے ہیں اور جان بوجھ کر اپنے تعلق کو چھپا رہے ہیں۔