اسلام آباد: سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی اے پی سی اعلامئے پر بی ایل اے کی چھاپ شرمناک ہے، بغض اپنی جگہ، کیا اپوزیشن اتحاد ملک و25 کروڑ عوام کی فتح کو اپنی جیت نہیں سمجھتا، بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل کئے جانیوالے پنجابیوں کے خون سے آپ کا کوئی رشتہ نہیں؟۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں لیگی سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی اے پی سی کے 5صفحات اور 32نکات پرمشتمل طویل اعلامئے میں ہر چھوٹے بڑے، حقیقی اور خیالی مسئلے کا ذکر ہے لیکن پاک بھارت جنگ کے بعد ہونیوالے اپوزیشن کے پہلے با ضابطہ اجتماع میں بھارت کیخلاف پاکستان کی عظیم فتح اور معرکہ حق کے بارے میں ایک لفظ تک نہیں کہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، شہیدوں اور غازیوں سے پی ٹی آئی اور اس کے اتحادیوں کا بغض اپنی جگہ، لیکن کیا اپوزیشن اتحاد پاکستان اور 25 کروڑ عوام کی فتح کو بھی اپنی فتح نہیں سمجھتا جسے ساری دنیا نے تسلیم کیا ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ طلبہ کے حقوق کا تذکرہ اچھی بات ہے ،لیکن کیا برسوں سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ہاتھوں چن چن کر قتل کئے جانے والے پنجابیوں کے خون سے آپ کا کوئی رشتہ نہیں؟۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان بارے اے پی سی اعلامئے پربی ایل اے کی چھاپ شرمناک حد تک واضح ہے۔