لاہور: پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اولمپکس میں میڈلز جیتنے والوں کیلئے انعامی رقم ایک کروڑ سے بڑھا کر تین کروڑ کردی۔ 34 ویں بورڈ اجلاس میں منظوری کے بعد ری وائزڈ کیش ایوارڈ پالیسی جاری کردی گئی ہے جس کے تحت اولمپکس میں سلور میڈل پر دو کروڑ اور براونز پر ایک کروڑ انعام ملے گا۔
ایشین گیمز میں گولڈ میڈل کی انعامی رقم 75 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ پچاس لاکھ کردی گئی۔ نئی پالیسی کے مطابق ایشین گیمز میں سلور پر 70 اور برانز میڈل پر 50 لاکھ ملیں گے۔ کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل کی انعامی رقم 50 لاکھ سے بڑھا کر 75 لاکھ کردی گئی، کامن ویلتھ میں سلور میڈلسٹ کو 50 اور برانز میڈلسٹ کو 30 لاکھ ملیں گے۔
نئی اسپورٹس پالیسی میں ورلڈ چیمپئن شپ کو تین حصوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ ہر چار سال بعد ہونیوالی ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے پر 75 لاکھ انعام ملے گا۔
دو سال بعد منعقد ہونیوالی ورلڈ چیمپئن شپ کی جیت پر 50 لاکھ اور سالانہ ورلڈ چیمپئن شپ پر تیس لاکھ انعام ملے گا۔پالیسی میں اسکواش میں برٹش اوپن یا مساوی ایونٹ جیتنے پر ایک کروڑ روپے کا انعام ملے گا جبکہ جونیئر اسکواش ایونٹس جیتنے والے پلیئرز کو پالیسی کے تحت 50 لاکھ روپے کا انعام ملے گا۔
اسپورٹس پالیسی میں اسنوکر کے لیے علیحدہ انعامی پالیسی مقرر کی گئی ہے۔اسنوکر ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے پر 15 لاکھ، ایشین چیمپئن شپ پر ساڑھے سات لاکھ انعام دیا جائے گا۔