کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی دفتر کے رکن اور خارجہ امور کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر وانگ یی بیجنگ میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کر رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے اعلیٰ سفارت کار وانگ یی نے بیجنگ میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی دفتر کے رکن اور مرکزی خارجہ امور کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر وانگ یی نے کہا کہ پاکستانی فوج قومی مفادات کی مضبوط محافظ اور چین-پاکستان دوستی کی بھرپور حامی ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں پاکستانی فوج کے مسلسل تعاون کی توقع ظاہر کی۔
وانگ یی نے کہا کہ چین اور پاکستان نے ایک دوسرے کے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر ہمیشہ غیر متزلزل حمایت کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پائے گئے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے اور سدا بہار تزویراتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ دونوں اقوام کو مزید فائدہ پہنچانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں کردار ادا کیا جا سکے۔
وانگ یی نے کہا کہ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی ہر قسم کی پُرعزم کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ پاکستانی فوج چین کے شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستانہ تعاون کو فروغ دینا پورے پاکستانی معاشرے کا متفقہ موقف ہے اور پاکستان اپنی سماجی و معاشی ترقی میں چین کی دیرینہ حمایت کو دل سے سراہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج اپنے ملک میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی اور دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی تعاون کو فعال طور پر مضبوط کرنے کے لئے تیار ہے۔

شنہوا
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link