بیجنگ(شِنہوا)چین کے اعلیٰ اقتصادی منصوبہ ساز ادارے نے آئندہ 15 ویں 5 سالہ منصوبے(2026۔2030) کے دوران ریاستی اور نجی کاروباری اداروں کی مشترکہ ترقی کے متعلق آراءاور تجاویز حاصل کرنے کے لئے کاروباری نمائندوں کے ساتھ ایک سمپوزیم کا انعقاد کیا۔
قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن کے سربراہ ژینگ شان جی نے سمپوزیم کی صدارت کی، جس کے دوران شرکت کرنے والے کاروباری رہنماوں کے ساتھ جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نےریاستی اور نجی کاروباری اداروں کی مشترکہ ترقی کے لئے نظاموں اور طریقہ کار کو بہتربنانے، بے مقصد مقابلے بازی کا حل نکالنے، صنعتی اور ترسیلی نظام کے تعاون کو وسعت دینے،تکنیکی اختراع کو فروغ دینے ،کارپوریٹ نظم ونسق اور بین الاقوامی کاروباری خدمات کو موثر بنانے کے عملی اقدامات اٹھانے کا عزم ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کے ساتھ باقاعدہ رابطے کے ذرائع برقرار رکھے جائیں گے، انہیں بہتر بنایا جائے گا، انہوں نے نجی کاروباری اداروں کے عملی مسائل کے حل اور ان کی صحت مندانہ اور اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے مکمل مدد فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔
