بدھ, جولائی 16, 2025
ہومChinaبی ایم ڈبلیو کا اے آئی پر مبنی ڈرائیونگ نظام کے لئے...

بی ایم ڈبلیو کا اے آئی پر مبنی ڈرائیونگ نظام کے لئے چینی کمپنی مومنٹا کے ساتھ شراکت داری کا اعلان

شین یانگ(شِنہوا)بی ایم ڈبلیو نے اعلان کیا کہ اس نے چینی ٹیکنالوجی کمپنی مومنٹا کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ خصوصی طور پر چینی مارکیٹ کے لئے نئی نسل کے ذہین ڈرائیونگ معاون حل مشترکہ طور پر تیار کئے جاسکیں۔

اس تعاون کا مقصد مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور آٹوموٹیو انجینئرنگ کی مہارت کا فائدہ اٹھا کر مقامی سڑک کے حالات کے مطابق ایک محفوظ، قابل بھروسہ اور عملی نظام بنانا ہے۔

یہ نظام بی ایم ڈبلیو  کے نیو کلاس  پلیٹ فارم پر بنایا جائے گا۔ اس میں ہائی ویز، شہری سڑکوں اور خودکار پارکنگ سمیت مکمل منظرنامے کی نیویگیشن شامل ہوگی جو چینی شہروں میں آغاز سے اختتام تک سفری تجربہ فراہم کرے گی۔

جرمن کار ساز  نے کہا کہ یہ نظام چینی صارفین کی ضروریات اور ڈرائیونگ کے منظرناموں کو پورا کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا  ہے اور یہ نظام مقامی طور پر تیار کردہ نیو کلاس ماڈلز سمیت متعدد ماڈلز پر لاگو کیا جائے گا جو مارکیٹ کے مختلف حصوں کا احاطہ کرے گا۔ تمام ترقیاتی کام چین کے ڈیٹا سکیورٹی اور پرائیویسی ضوابط کے مطابق ہوگا۔

بی ایم ڈبلیو گروپ ریجن چائنہ کے صدر اور سی ای او سین گرین نے کہا کہ ہم مومنٹاکے ساتھ مشترکہ تخلیق اور مشترکہ کامیابی کا ایک اور مثالی ماڈل قائم کرنے کے منتظر ہیں۔ چین کی دانشمندی پر مبنی یہ طاقتور شراکت داری بی ایم ڈبلیو کی حکمت عملی ‘چین میں، چین کے لئے اور چین کی رفتار سے مشترکہ تخلیق’ کی بنیاد ہے، جو ہمیں نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔

مومنٹا کے سی ای او کاؤشو ڈونگ نے اس بات پر زور دیا کہ اس شراکت داری کا مقصد بی ایم ڈبلیو  کی ڈرائیونگ میں بہترین کارکردگی کو اے آئی کی اختراع کے ساتھ یکجا کرنا ہے تاکہ محفوظ اور زیادہ ذہین نقل و حرکت فراہم کی جاسکے۔

کمپنی نے بتایا کہ یہ معاہدہ بی ایم ڈبلیو  کے ہواوے اور علی بابا سمیت چینی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کو وسعت دے رہا ہے جو ڈیجیٹل ماحول دوست نظام اور اے آئی انٹر ایکشن سے لے کر ذہین ڈرائیونگ معاونت تک پھیلا ہوا ہے کیونکہ یہ کار ساز دنیا کی سب سے بڑی آٹو مارکیٹ میں اپنی ذہین تبدیلی کو تیز کر رہا ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!