اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نہیں، اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتی ہے، دور احتجاج پرامن رہے تو ٹھیک ورنہ قانون خود اپنا راستہ لے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی شروع سے سیاسی مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتی اس کی کوشش ہے اسٹیبلشمنٹ سے بات ہوجائے، پھر ہم ان سے کیا بات کریں؟۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پہلے خود 5اگست کے احتجاج کا کہا اب خود ہی 90دن کا پروگرام دے دیا ہے، اگر وہ پرامن رہیں گے تو ٹھیک ہے ورنہ قانون اپنا راستہ لے گا۔
انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اور جے یو آئی خیبر پختونخوا کے سینیٹ الیکشن میں ووٹ کا حق مل کر استعمال کریں گی، دونوں جماعتوں میں بات چیت جاری ہے۔ انہوںنے کہا کہ میثاق معیشت ہونا چاہئے، ہم ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں، تعاون سے تمام سیاسی جماعتوںکو فائدہ ہوگا۔