جمعہ, جولائی 11, 2025
ہومLatestدہشت گردی کیخلاف جنگ جاری، آنیوالی نسلوں کیلئے متاثرہ پاکستان نہیں چھوڑ...

دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری، آنیوالی نسلوں کیلئے متاثرہ پاکستان نہیں چھوڑ سکتے،اسحاق ڈار

کوالالمپور: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری ہے، آنیوالی نسلوں کیلئے متاثرہ پاکستان نہیں چھوڑ سکتے،معیشت کی بہتری کیلئے کوششیں جاری، پاکستان کو جی 20میں شامل کرنا ہدف ہے،بھارتی بیانیہ ناکام ہوچکا، دشمن کی سیاسی قیادت کو سیز فائر ہضم نہیں ہو رہی،بھارت پاکستان کا پانی روک سکتا ہے نہ ہی رخ موڑ سکتا ہے ، واضح کردیا پانی کی بندش جنگ کے مترادف ہوگی۔کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے سفیر ہیں، ملائیشیا میں مقیم پاکستانی برادری سے مل کر دلی خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات میں ٹیک آف کیا، تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہوا، ہم 2018ء تک دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بن چکے تھے، چند سالوں میں پاکستان نے جی 20ممالک میں شامل ہونا تھا لیکن جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے، 2020ء میں ترقی کرتا ملک 47ویں معیشت پر چلا گیاتھا ،وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہی میں حکومت نے ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑے ملک کو بچایا۔

انہوں نے بتایا کہ 16ماہ میں پالیسی ریٹ 22فیصد سے 11فیصد پر آچکا ہے، مہنگائی 38فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے، معاشی بحالی کیلئے دن رات کوششیں جاری ہیں، پاکستان کو جی 20ممالک میں شامل کرنا ہمارا ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈپلومیٹک سطح پر آئسولیٹ ہوچکا ہے، پاکستان 177ووٹوں کی برتری سے سکیورٹی کونسل کا ممبر منتخب ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے پہلگام فالز فلیگ آپریشن کا الزام پاکستان پر لگا کر حملہ کیا تاہم نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ کے بعد دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے اٹاری بارڈر بند کیا جس کے جواب میں پاکستان نے واہگہ بارڈر بند کردیا ، بھارت نے پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کئے تو ہم نے بھی سکھ یاتریوں کے علاوہ بھارتیوں کے ویزے منسوخ کردیئے، بھارت نے کسی بین الاقوامی ضابطے کے بغیر سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، جس کے جواب میں ہم نے بھارت کیلئے فضائی حدود بند کردی۔

انہوں نے کہا کہ 2019ء میں بھی پلوامہ اٹیک کے وقت بھارت نے جھوٹ کا سہارا لیا، تاہم اس بار پہلگام واقعے پر ہم نے بھارتی بیانیہ کامیاب نہیں ہونے دیا ہم نے 22اپریل سے 6مئی کے دوران 29ممالک کے دارالحکومتوں سے بات کی اور انہیں باور کرایا کہ بھارت غلط بیانی کررہا ہے جس کے باعث وہ اب دنیا میں تنہائی کا شکار ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ کے بہادر پائلٹس نے بھارت کے 6طیارے مار گرائے جن میں سے 4رافیل شامل ہیں۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ بھارت نے جان بوجھ کر اپنے ہی 2میزائل سکھ آبادی میں گرائے تاہم وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ شروع بھی بھارت نے کی تھی، ختم بھی اسی کی درخواست پر ہوئی،عسکری سطح پر جنگ بندی برقرار ہے مگر لگتا ہے بھارت کی سیاسی قیادت کو شکست ہضم نہیں ہو رہی۔  نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی وہ پاکستان کا پانی روک سکتا ہے نہ رخ موڑ سکتا ہے، بھارت پر واضح کردیا اگر پاکستان کا پانی بند کیا تو یہ جنگ کے مترادف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 1998ء میں نواز شریف کے کئے گئے ایٹمی دھماکوں کے باعث کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ کابل جا کر چائے پینے اور دہشت گردوں کیلئے سرحد کھولنے سے نقصان ہوا، ہم اس وقت دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں، اس جنگ میں ہمارے 80 ہزار لوگ شہید جبکہ 150 ارب ڈالر کے معاشی نقصانات ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارانکتہ نظر واضح ہے کہ ہم نے دہشت گردی کو ملک سے ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہے، ہم آنیوالی نسل کیلئے دہشت گردی سے متاثرہ پاکستان نہیں چھوڑ سکتے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!