اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی صاحب کے رویے کی مذمت کرتے ہیں، ہمارے ایم پی ایز 9 مئی سے لے کر آج تک دہشت گردی کے پرچے برداشت کر رہے ہیں، ہمارا ایک مینڈیٹ 8 فروری 2024 کو چوری ہوا، ہمارے باقی کے مینڈیٹ پر بھی ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاپوری قوم کی امنگوں کو گھونٹ دیا گیا ہے، یہ وہ پاکستان ہے جس میں سچ بولنا جرم بن چکا ہے، ہم ایسی ریاست میں ہیں جہاں نظام مفلوج ہوچکا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مخصوص نشستوں کو دیکھیں تو اس کا ایک پس منظر ہے، ملک میں آئین اور انصاف نہیں ہے، مخصوص نشستوں کو مال غنیمت سمجھ کر تقسیم کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی جاتی، اڈیالہ جیل کے باہر شام 4 بجے تک روکے رکھتے ہیں پھر کہتے ہیں وقت ختم ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ بانی سے ملاقاتیں بحال کی جائیں، ہم تمام آئینی و قانونی فورمز استعمال کرتے رہیں گے، دنیا دیکھ رہی کہ پاکستان کے سب سے بڑے لیڈر کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ہاوس میں بے ضمیروں کی منڈیاں لگیں، خرید و فروخت ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے جمہوری مزاحمت کی۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 180 سیٹیں جیتیں لیکن 17 سیٹوں والی جماعت کو 110 سیٹیں دے کر حکومت پکڑا دی، آج سارے کا سارا عدالتی نظام تباہ ہوچکا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بجٹ کے دوران ہمارے اراکین اسمبلی نے احتجاج کیا، ہمارے 26 لوگوں پر پابندی لگا دی گئی، اپوزیشن کے 10 لوگوں پر 20 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا گیا۔