ریاض: عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے کلب ورلڈ کپ میں شرکت کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ہدف ہمیشہ یہ رہا ہے کہ النصر کے لیے کچھ بڑا جیتوں اور میں اب بھی اس پر یقین رکھتا ہوں، اسی لیے میں نے مزید دو سال کا معاہدہ کیا ہے، کیونکہ میرا یقین ہے کہ میں سعودی عرب میں چیمپئن بنوں گا۔
رونالڈو نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میرے پاس کچھ پیشکشیں تھیں کہ میں کلب ورلڈ کپ میں کھیلوں، لیکن میں نے سوچا یہ کوئی معنی نہیں رکھتا، کیونکہ میرے لیے بہتر ہے کہ میں مکمل آرام کروں اور اچھی تیاری کروں۔
رونالڈو نے مزید کہا کہ میرا مقصد نا صرف النصر کے لیے بلکہ پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے بھی مکمل طور پر تیار رہنا ہے، اسی وجہ سے میں نے نیشنز لیگ کے آخری میچ تک خود کو محدود رکھا اور دیگر کسی پیشکش پر توجہ نہیں دی۔