اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فارم میکنائزیشن کی ترویج کیلئے زرعی مشینری و آلات پر ٹیکس کم کرنے، زرعی اجناس کی سٹوریج کیپیسٹی بڑھانے کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، شعبے کی ترقی کیلئے آئندہ بجٹ میں کھاد ،زرعی ادویات پر ٹیکس نہیں لگایا جا رہا۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت زرعی شعبے کی ترقی بارے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے چیف کوآرڈینیٹر مشرف زیدی، زرعی شعبے کیلئے وزیراعظم کے چیف کوآرڈینیٹر احمد عمیر، زرعی شعبے سے وابستہ نجی شعبے کے انٹرپرنیور اور اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو زرعی شعبے میں اصلاحات بالخصوص زرعی پیداوار میں اضافے، زرعی انفراسٹرکچر اور کسانوں کی آسان زرعی قرضوں تک رسائی کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نیشنل ایگریکلچر انوویشن اینڈ گروتھ ایکشن پلان کسانوں کی آمدنی بڑھانے، پیداوار میں اضافے اور درست سمت میں اصلاحات پر مرکوز ہے، زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کر کے برآمدات سے کسانوں کی آمدنی بڑھائی جائے گی اور قیتی زر مبادلہ کمایا جا سکے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ قومی ٹیکنالوجی فنڈ کے منصوبے اگنائٹ کے تحت 129زرعی اسٹارٹ اپس شروع کئے جا چکے ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے شعبے کی ترقی کیلئے آئندہ بجٹ میں کھاد اور زرعی ادویات پر ٹیکس نہیں لگایا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں پائیدار اصلاحات سے ملکی معیشت کو مزید فروغ ملے گا،فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جس سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فارم میکنائزیشن کی ترویج کیلئے زرعی مشینری اور آلات پر ٹیکس بتدریج کم کیا جائے، زرعی اجناس کی سٹوریج کیپیسٹی بڑھانے کے حوالے سے اقدامات تیز کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کا زرعی شعبے کی ترقی کیلئے نئے منصوبے اور فنڈز کی فراہمی خوش آئند ہے، امید ہے کہ زرعی سکالرشپ پر چین بھیجے جانے والے افراد وطن واپسی پر زرعی شعبے کے فروغ کیلئے بطور انٹرپرنیور قابل قدر خدمات سر انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں ترقی سے سب سے زیادہ فائدہ کسانوں اور دیہی علاقوں کے رہائشیوں کو ہوگا۔