اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو بڑے بڑے مائنس نہیں کرسکے، حکم دیا تو خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کردیں گے۔جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالتوں نے مایوس کیا ہے لیکن اللہ سے امید ہے کہ کہیں نہ کہیں سے تو بانی پی ٹی آئی کو انصاف ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف 300مقدمات درج ہوئے، جیل جانے سے قبل وہ 350 پیشیاں بھگت چکے تھے، 5دن کے اندر بانی پی ٹی آئی کو تین سزائیں ہوئیں جس میں 45سال کی سزا سنائی گئی۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو بھی سزائیں دی گئیں، رولز کی خلاف ورزی کر کے ملاقاتیں نہیں کرنے دی جارہیں، بانی کو بڑے بڑے مائنس کرنا چاہتے تھے مگر وہ نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ پاس نہیں ہوا، بجٹ پاس ہونے میں ابھی بھی کچھ دن باقی ہیں، یہ بانی پی ٹی آئی کی اسمبلی ہے ان کا ووٹ ہے وہ جیسے کہیں گے ویسا ہوگا، اگر وہ اسمبلی تحلیل کا کہیں گے تو کر دیں گے۔