شنگھائی(شِنہوا)امریکی کارساز کمپنی ٹیسلا نے توانائی ذخیرہ کرنے والی اپنی میگا پیک بیٹریوں کا استعمال کرکے شنگھائی میں گرڈ سائیڈ انرجی سٹوریج سٹیشن تعمیر کرنے کے لئے چینی شراکت داروں کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔
مجموعی طور پر4 ارب یوآن (تقریباً55 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کا حامل یہ معاہدہ چین کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی توانائی ذخیرہ کرنے کی منڈی میں ٹیسلا کی توسیع کو ظاہر کرتا ہے۔ اس سے ٹیسلا کے مرکز کے چین کے پاور گرڈ نظام سے منسلک ہونے کی راہ ہموار ہوگی جودنیا کا سب سے بڑا بجلی نظام ہے۔
ٹیسلا لِن گانگ خصوصی علاقے کی انتظامی کمیٹی، شنگھائی کے فینگ شیان ضلع کی عوامی حکومت اور چائنہ کانگ فو انٹرنیشنل لیزنگ کمپنی لمیٹڈ کے درمیان طے پائے گئے معاہدے کے مطابق گیگاواٹ آور کا حامل یہ سٹوریج سٹیشن چین (شنگھائی) کے آزاد تجارتی زون کے خصوصی علاقے میں واقع ہوگا۔
یہ چین کی سرزمین پر ٹیسلا کا پہلا گرڈ سائیڈ انرجی سٹوریج سٹیشن ہوگا۔
چین میں ٹیسلا کے توانائی کاروبار کے جنرل منیجر ڈونگ کن نے کہا کہ یہ سٹیشن آغاز کے بعد بجلی کے سپاٹ ٹریڈنگ میں حصہ لے گا جس سے مقامی پاور گرڈ میں پیک اور آف پیک ڈیمانڈ میں توازن قائم کرنے میں مدد ملے گی اور گرڈ کے استحکام کو تقویت ملے گی۔
