استنبول: ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیلی حکومت کو خطے میں امن کیلئے سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل دہشت گرد ریاست ہے، نیتن یاہو ہٹلر کی طرح خطے کو تباہی کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے،مسلمانوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، عالمی برادری صہیونی جارحیت رکوانے کیلئے کردار ادا کرے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق استنبول میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا یمن، لیبیا، شام پر جارحیت کے بعد ایران پر حملہ قابل مذمت ہے، ترک عوام ایرانی بہن بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں سے خطہ تباہی کی طرف جارہا ہے، نیتن یاہو ہٹلر کی طرح خطے کو تباہی کی طرف دھکیلنا چاہتا اور اپنا تسلط قائم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلمانوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، مسلمان ممالک اپنے اختلافات ختم کرکے ایک ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا خطہ مزید جنگ یاعدم استحکام برداشت نہیں کرسکتا ،ایران، اسرائیل مسئلے کا حل سفارت کاری اور مذاکرات میں ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت رکوانے کیلئے کردار ادا کرے۔