لاہور: حکومت پنجاب اور ورلڈ بینک نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے ، مستقبل میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں سماجی تحفظ، تعلیم، صحت ،ڈیجیٹل ترقی شعبوں میں ورلڈ بینک کا تعاون قابل قدر ہے۔
جمعہ کو سینئر وزیر پنجاب حکومت مریم اورنگزیب کی زیر صدارت ورلڈ بینک کے نمائندگان کیساتھ اعلی سطحی جائزہ اجلاس ہوا جس میںچیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، چیئرمین پی اینڈ ڈی نبیل احمد اعوان سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں کی رفتار، پیشرفت اور درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام، پنجاب ٹورازم فار اکنامک گروتھ، فیملی پلاننگ پروگرام اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، شرکا نے پنجاب کے دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے پائیدار نظام پر خصوصی توجہ دینے پر اتفاق کیا۔
بینک نمائندوں نے مریم نواز کی قیادت میں تعلیم، صحت، سماجی فلاح اور گورننس کے معیار کی تعریف کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلی غیرملکی سرمایہ کاری سے چلنے والے منصوبوں کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی کر رہی ہیں اور ایک مربوط ڈیش بورڈ کے ذریعے ان کی پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاتا ہے۔
شرکاء نے فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے ، منصوبہ بندی میں اوورلیپنگ سے بچائو کیلئے مربوط حکمت عملی اپنانے پراتفاق کیا۔مریم اورنگزیب نے ورلڈ بینک وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سماجی تحفظ، تعلیم، صحت اور ڈیجیٹل ترقی کے شعبوں میں بینک کا تعاون انتہائی قابل قدر ہے، پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری ڈیٹا اور ڈیلیوری سپورٹ پروگرام جیسے اقدامات سماجی تحفظ کو موثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ورلڈ بینک وفد نے وزیراعلی گورننس، وژن اور منصوبہ جاتی رفتار و معیار کو سراہتے ہوئے مستقبل میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔