ہفتہ, جون 21, 2025
ہومLatestوزیراعظم کا پناہ گزینوں کی اپنے ممالک واپسی کیلئے اجتماعی کوششوں کی...

وزیراعظم کا پناہ گزینوں کی اپنے ممالک واپسی کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پناہ گزینوں کی اپنے ممالک واپسی کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ پرامن ذرائع ،بنیادی وجوہات حل کرنے سے ہی ہم پناہ گزینوں کی طویل پناہ گزینی کے رجحان کو تبدیل کرنے کی امید کر سکتے ہیں،جبری طور پر بے گھر ،پناہ گزینوں کے حالات کا بنیادی محرک ہونے کے ناطے عالمی تنازعات کو اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج بین الاقوامی قوانین کے مطابق بات چیت ،سفارت کاری کے ذریعے روکنا اور حل کرنا چاہئے۔

پناہ گزینوں کے عالمی دن پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال پناہ گزینوں کا عالمی دن دنیا بھر میں بڑھتے چیلنجز کے پس منظر میں منایا جا رہا ہے جو لاکھوں افراد کو جبری بے گھر ہونے پر مجبور کر رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ چار دہائیوں سے زائد عرصے سے پاکستان نے قلیل عالمی حمایت کے باوجود افغانستان میں عدم استحکام کے مختلف مراحل کے دوران تنازعات سے بچنے کیلئے پاکستان میں آئے لاکھوں افغان بھائیوں کی میزبانی کی ،اپنے گھر اور دل کھول کر پاکستانی عوام نے اپنے افغان بہنوں اور بھائیوں کیساتھ مثالی مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا ہے۔

  انہوںنے کہا کہ پاکستان نے ہمدردی، سخاوت اور مہمان نوازی کی اقدار کو مستقل طور پر برقرار رکھا ، ہم نے اپنے تعلیمی نظام، صحت کی دیکھ بھال اور دیگر سماجی شعبوں تک افغان شہریوں کو رسائی دی جو افغانستان کی آنے والی نسلوں کو  اپنے ملک کے امن اور ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کیلئے بااختیار بنانے کے ہمارے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں افغان شہریوں پر فخر ہے کہ وہ کھیلوں اور مختلف پیشوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جو پاکستان میں حاصل کی گئی تعلیم اور تربیت کا نتیجہ ہے۔ انہو ں نے کہا کہ جب وہ اپنے وطن واپس لوٹنا شروع کریں گے، ہمیں یقین ہے وہ دونوں ممالک کے مابین خیر سگالی کے پل کا کام کریں گے اور دونوں قوموں کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار تعلق کو مزید مضبوط کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جبری طور پر بے گھر ہونے اور پناہ گزینوں کے حالات کا بنیادی محرک ہونے کے ناطے عالمی تنازعات کو، اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج بین الاقوامی قوانین کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے روکنا اور حل کرنا چاہئے۔

انہوںنے کہا کہ صرف پرامن ذرائع اور بنیادی وجوہات کو حل کرنے سے ہی ہم پناہ گزینوں کی طویل پناہ گزینی کے رجحان کو تبدیل کرنے کی امید کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پناہ گزینوں ان کی میزبان کمیونٹیز اور آبائی ممالک کا بوجھ بانٹنے اور عالمی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کیلئے مسلسل یکجہتی اور حمایت کی ضرورت ہے، پناہ گزینوں کی ان کے پیارے وطن میں واپسی بہترین اور پائیدار حل ہے جسے حاصل کرنے کیلئے ہمیں اجتماعی کوشش کرنی ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ متعدد چیلنجز کے باوجود پناہ گزینوں اور زبردستی بے گھر ہونیوالے افراد کو امداد اور تحفظ فراہم کرنے میں انسانی ہمدردی کے کارکنوں، انسانی ہمدردی تنظیموں خاص طور پر یو این ایچ سی آرکی کوششوں کو بھی سراہتا ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ آئیے آج ہم انسانیت، ہمدردی اور بین الاقوامی تعاون کی بنیادی اقدار کے فروغ کے عہد کی تجدید کریں۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!