اسلام آباد: حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے فیلڈ مارشل کی امریکہ آمد کو پاکستان کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سرخرو ہونے پر بھارتی میڈیا کی چیخیں نکل آئی ہیں،مودی سرکار کو سمجھ آ گئی کشمیر پر اب سچ بولنا پڑے گا۔
جاری بیان میں مشعال ملک نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکا آمد پاکستان کی فتح کی دعوت تھی ،یہ صرف ایک ظہرانہ نہیں، پاکستان کی عزت، کشمیریوں کی آواز اور مودی کے جھوٹ کے منہ پر زوردار طمانچہ تھا، واشنگٹن میں پاکستان کی گونج پر دشمن تڑپ اٹھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے دنیا کو دکھا دیا پاکستان نہ صرف ایک طاقت بلکہ حقیقت ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے فیلڈ مارشل کے اعزاز میں عشائیہ دے کر دنیا کو پیغام دیا وہ مان لے پاکستان کی بات میں سچائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے ثابت کیا پاکستان جھکتا نہیں، جھکا دیتا ہے، پاکستان کے سرخرو ہونے پر بھارتی میڈیا کی چیخیں نکل آئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کو سمجھ آ گئی ہے کشمیر پر اب سچ بولنا پڑے گا۔