اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اسرائیل جنگ سے پیدا صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے عالمی برداری فوری جنگ بندی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں،سیکیورٹی اداروں کی تمام ضروریات پوری کریں گے۔
بدھ کو وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایران، اسرائیل جنگ سے پیدا صورتحال تشویشناک ہے، اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں سینکڑوں لوگ شہید و زخمی ہوئے ہیں ،پاکستان نے ایران پر اسرائیل کی کھلی جارحیت کی بھرپور مذمت کی ہے جس دن جنگ شروع ہوئی اسی روز ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے بات ہوئی، ایرانی صدر کیساتھ پاکستانی عوام کی طرف سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام چاہتا ہے، عالمی برداری ایران، اسرائیل جنگ بندی کیلئے فوری کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال بھی انتہائی افسوسناک ہے، اسرائیلی جارحیت میں 50ہزار فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں، فلسطینی علاقوں میں ظلم کا بازار گرم ہے، نائب وزیراعظم ترکیہ میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کر کے پاکستان کا بھرپور موقف پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے امریکہ اور یورپ میں بھرپور نمائندگی کی، قومی موقف اجاگر کرنے کیلئے وفد کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے قوم کی حمایت سے دشمن کیخلاف کامیابی حاصل کی، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں، سیکیورٹی اداروں کی تمام ضروریات پوری کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر پارلیمنٹ میں بحث جاری ہے، زراعت پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا، زرعی شعبے کی ترقی کیلئے اقدامات ترجیح ہیں، بجٹ میں تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ کیا گیا، تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس میں ریلیف دیا گیا ہے، 6سے 12لاکھ آمدن پر ٹیکس ایک فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2023ء میں مشکل حالات کا سامنا کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، سخت محنت سے معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔